سگریٹ نوشی جان لیوا ہے، یہ بات بچہ بچہ جانتا ہے مگر اس کے باوجود کچھ لوگ سگریٹ پیتے ہیں اور اگر اس سے جان چھڑانا بھی چاہیں تو ناکام رہتے ہیں۔
سائنسدانوں نے بھی تصدیق کی ہے کہ 90 فیصد سگریٹ نوشی کے عادی افراد اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کے جتن کرتے ہیں لیکن کر نہیں پاتے۔
آج ہم آپ کو چند ایسے طریقے بتائیں گے جن کو اپنانے سے آپ ہمیشہ کے لیے سگریٹ سے جان چھڑا سکتے ہیں۔
سگریٹ کی جب طلب ہو تو اسے ٹالیں:
اگر آپ کو لگے کہ اب سگریٹ کی طلب ہورہی ہے تو اس میں تاخیر کریں، خود کو کہیں کہ ابھی دس منٹ میں پینے جاتا/جاتی ہوں، ایسے کرتے کرتے وقت گزر جائے گا۔ اس دوران آپ خود کو کسی اور چیز میں مشغول رکھ سکتے ہیں، کوشش کریں اس دوران کوئی کام تلاش کرلیں۔
مالی صورتحال کو ذہن میں رکھیں:
سگریٹ نوش افراد یہ بات بخوبی جانتے ہیں کہ اب سگریٹ ماضی کے مقابلے میں دو گنا مہنگی ہوچکی ہیں اور مہنگائی بھی کافی بڑھ گئی ہے۔ تو اگر یہ بات آپ اپنے ذہن میں رکھیں اور سوچیں کہ ان پیسوں کو جمع کرکے کوئی اہم چیز یا ضروری چیز خریدی جاسکتی ہے تو فائدہ ہوسکتا ہے۔ نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال میں لوگوں کی بڑی تعداد نے سگریٹ نوشی ترک کی جنہیں تمباکو نوشی چھوڑنے کے لیے مہنگائی اور مالی صورتحال سے متعلق بتایا گیا۔
نیکوٹین متبادل تھراپی کی کوشش کریں:
ماہرین کا بتانا ہے کہ سگریٹ کو ترک کرنے کے لیے نیکوٹین متبادل تھراپی کریں یعنی چیونگ گم، انہیلر سمیت کچھ دوسری چیزوں کا استعمال کریں۔
اپنے موبائل یا ڈائری میں سگریٹ کے نقصان اور فوائد لکھیں:
ماہرین کے مطابق اپنے پاس سگریٹ کے نقصانات سمیت فوائد بھی لکھیں۔ اس سے ہوگا یہ کہ آپ کے پاس نقصانات کی ایک فہرست ہوگی جب کہ فوائد آپ کو سوچنا پڑیں گے، پھر آپ جب بھی سگریٹ پینے لگیں گے تو ذہن خود آپ کو وارننگ دے گا یہ کیا کرنے جارہے ہیں۔
سگریٹ سے جُڑی چیزوں سے پرہیز کریں:
سگریٹ نوشی سے جڑی کسی بھی چیز پر دھیان دینے سے گریز کریں۔ ایسے محفلوں میں نہ جائیں جہاں سگریٹ نوشی سے متعلق بات ہوتی ہو۔