امریکا میں ایک شخص دل ناکارہ ہوجانے کی صورت میں کامیابی کے ساتھ دھاتی دل لگوانے والا پہلا انسان بن گیا۔
میڈیکل ٹیکنالوجی کمپنی BiVACOR نے ٹائٹینئم سے ایک دل بنایا جو اس ہی سائنسی اصول پر عمل پیرا ہوتے ہیں جس پر برق رفتار میگنیٹک لیویٹیشن (میگ لیو) ٹرینیں ہوتی ہیں۔
امریکا کے شہر ہیوسٹن میں قائم بیلر سینٹ لیوکس میڈیکل سینٹر میں 9 جولائی کو سرجنز نے بغیر کسی پیچیدگی کے 58 سالہ شخص میں BiVACOR دل لگایا۔
مریض آٹھ دنوں تک اس مصنوعی دل کے سہارے زندہ رہا بعد ازاں اس کو عطیہ کیا گیا دل لگا دیا گیا۔
BiVACOR کے شریک بانی ڈینیئل ٹِمز کا کہنا تھا کہ انہیں کمپنی کے مکمل مصنوعی دل کا پہلا انسانی امپلانٹ دیکھ کر انتہائی فخر ہے۔
ہارٹ فیلئر ایک بڑھتا ہوا عالمی مسئلہ ہے جس سے دنیا میں اندازاً 2 کروڑ 60 لاکھ افراد متاثر ہوتے ہیں۔ اس کیفیت میں دل کے پٹھے اس طرح خون پمپ نہیں کرتے جیسے ایک صحت مند دل کرتا ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مصنوعی دھاتی دل شدید ہارٹ فیلئر سے متاثر افراد کی زندگی بچانے کے امکانات میں بہتری لا سکتا ہے۔