صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جشن آزادی پر عہد کریں کہ عوامی ترقی کے لیے کام کریں گے، پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنائیں گے۔
پاکستانی کی 77ویں یومِ آزادی کے موقع پر صدر مملکت نے اپنے پیغام میں پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر كام کرنا ہوگا۔ ملکی اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کے لیے پُرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ یومِ آزادی حقِ خود ارادیت کے لیے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔ پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے۔
پاکستان بھر میں 77ویں یومِ آزادی کا جشن آج منایا جارہا ہے
انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا۔ پاکستان کے لیے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک پاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے وسائل کو بروئے کار لائیں۔ قوم کو ہم سے بہت سی توقعات ہیں، عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم کے فرمان کے مطابق تمام تر توجہ عوام الناس اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہیے۔ پاکستان کو عظیم ملک بنانے کے لیے نوجوانوں اور خواتین پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔