اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کو ہر گز نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کو کچل دیا جائے گا۔ پاکستان کی بہادر افواج پورے عزم اور حوصلے کے ساتھ جواب دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ معصوم خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا طاقت نہیں بلکہ درندگی ہے۔ اور ہم اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وطن کی مٹی کے دفاع کیلئے ہماری جانیں حاضر ہیں، علی امین گنڈاپور
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا۔ پہلگام واقعے پر پاکستان نے بھارت کو غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی۔ لیکن 2 ہفتے کے بعد بھی بھارت پہلگام واقعے پر کوئی ثبوت پیش نہ کرسکا۔
انہوں نے کہا بھارت نے پاکستان میں حملوں میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔ لیکن بھارتی جارحیت کو ہرگز نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ مسلح افواج نے بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا اور 5 بھارتی طیارے مار گرائے۔ پاکستان اپنے دفاع میں وقت اور جگہ کا تعین کر کے حملہ کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔