انڈونیشیا میں بھارتی دفاعی اتاشی نے 7 مئی کو پاک بھارت فضائی جھڑپ میں پاکستانی فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی طیارے تباہ ہونے کا اعتراف کرلیا۔
انڈونیشیا میں سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی بحریہ کے کیپٹن شیو کمار نے تباہ ہونے والے بھارتی جنگی جہازوں کی تعداد بتانے سے گریز کیا۔کیپٹن شیو کمار نے کہا کہ بھارتی جنگی جہاز گرے تو تھے لیکن اتنے نہیں جتنے بتائے جارہے ہیں، انہوں نے ساتھ عذر بھی تراشا کہ بھارتی جنگی طیارے اس لیے مارے گئے کیوں کہ سیاسی قیادت نے بھارتی فضائیہ کو پاکستان کے فوجی اہداف کو نشانہ نہ بنانے کی ہدایت کی تھی۔
بھارتی دفاعی اتاشی کا بیان سامنے آنے پر کانگریس نے مودی سرکار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار نے قوم کو گمراہ کیا اور یہ بتانے میں ناکام رہی کہ آپریشن سندور میں بھارت کے کتنے جنگی جہاز تباہ ہوئے۔