مسلم ممالک کا ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے پر اعتماد، جنگ بندی و امداد کی فراہمی کی حمایت

مسلم ممالک کا ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے پر اعتماد، جنگ بندی و امداد کی فراہمی کی حمایت


پاکستان، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ نے امریکی صدر کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے۔ مسلم ممالک کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں صدر ٹرمپ کے مجوزہ امن منصوبے کو مثبت قرار دیا گیا۔

جس میں غزہ کی تعمیرِ نو، فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کی روک تھام، جنگ بندی اور ایک جامع امن عمل کے آغاز پر زور دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق صدر ٹرمپ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مغربی کنارے کے انضمام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزرائے خارجہ نے کہا کہ وہ امریکا اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ تعمیری اور مثبت مکالمے کے لیے تیار ہیں تاکہ معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکے اور اس پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے، جس سے خطے کے عوام کے لیے امن، سلامتی اور استحکام ممکن ہو۔

اعلامیے میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ امریکا کے ساتھ مل کر غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے ایک جامع معاہدے پر مشترکہ طور پر کام جاری رکھا جائے گا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق اس جامع معاہدے کے تحت غزہ کو مکمل انسانی امداد کی فراہمی، فلسطینی عوام کی بے دخلی کو روکنا، مغویوں کی رہائی، تمام فریقین کے لیے سکیورٹی کی ضمانت، اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا، غزہ کی تعمیرِ نو اور دو ریاستی حل کے تحت غزہ اور مغربی کنارے کو مکمل طور پر ایک فلسطینی ریاست میں ضم کرنا شامل ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کے مطابق خطے کے امن اور سلامتی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top