فلپائن کے وسطی ساحلی علاقے میں آنے والے 6.9 شدت کے زلزلے نے وسیع پیمانے پر تباہی مچادی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 31 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے آیا۔
جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی اور مرکز شہر بوگو کے شمال مشرق میں 17 کلومیٹر دور واقع تھا۔
رپورٹس کے مطابق وسطی ساحلی علاقے میں زلزلے کے بعد کئی آفٹر شاکس بھی محسوس کی گئیں، جس کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔
میڈیا کے مطابق زلزلے کے اثرات سے کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں، ایک باسکٹ بال میچ کے دوران اسپورٹس کمپلیکس گر گیا، جبکہ گرجا گھر، پل اور سڑکیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔
حکام نے سیبو میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے اور آج اسکولز و سرکاری دفاتر بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ملبے تلے دبے افراد کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، اور دیگر علاقوں سے بھاری مشینری متاثرہ مقامات پر روانہ کی جا چکی ہے۔
ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے اہلکار کے مطابق کچھ علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی خدمات میں خلل پڑا ہے جس سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔
زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پانی، ادویات اور دیگر ضروری سامان روانہ کرنے کی ہدایت کردی گئی جبکہ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔