امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر اضافی درآمدی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ امریکا نومبر سے چینی درآمدات پر اضافی 100 فیصد ٹیرف لگائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام امریکی مصنوعات کے تحفظ کے لیے سخت تجارتی اقدامات کا حصہ ہے۔
چینی مصنوعات پر پہلے ہی امریکا کی جانب سے 30 فیصد ٹیرف موجود ہے۔ نئے اضافی ٹیرف کے اعلان کے بعد عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں کمی دیکھنے کو ملی۔
ٹرمپ نے اس اعلان سے چند گھنٹے قبل ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ چین نے دنیا کے دیگر ممالک کو نایاب معدنیات کی برآمد پر پابندیوں کے حوالے سے خط بھیجے ہیں۔
یہ معدنیات اسمارٹ فونز، برقی گاڑیاں، فوجی آلات اور قابلِ تجدید توانائی کی ٹیکنالوجی میں استعمال ہوتی ہیں، اور چین اس کی پیداوار اور پراسیسنگ میں عالمی سطح پر سب سے آگے ہے۔
ٹرمپ نے کہا تھا کہ چین کو دنیا کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے چین کے رویے کو انتہائی دشمنانہ قرار دیا۔
اس کے علاوہ امریکی صدر نے اشارہ دیا کہ وہ ممکنہ طور پر چینی صدر شی جن پنگ سے (APEC) اجلاس میں نہیں ملیں گے، جو رواں ماہ جنوبی کوریا میں ہونا تھا۔آ