دو قینچیاں غائب ہونے پر ایئرپورٹ میں کھلبلی، پروازیں منسوخ

دو قینچیاں غائب ہونے پر ایئرپورٹ میں کھلبلی، پروازیں منسوخ


جاپانی شہر ہوکائیدو کے نیو چیتو ایئرپورٹ کے بورڈنگ گیٹ کے ساتھ موجود دکان سے دو قینچیاں غائب ہونے پر کھلبلی مچ گئی، جس سے 36 پروازیں منسوخ جب کہ 200 سے زائد تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے نے جاپانی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایئرپورٹ کی دکان سے صبح 10 بجے دو قینچیاں غائب ہوئیں، جس سے وہاں کھل بلی مچ گئی۔

قینچیوں کے غائب ہونے پر سیکیورٹی حکام نے دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا اور پروازوں کو منسوخ کرنے کے ساتھ تمام مسافروں کی دوبارہ چیکنگ بھی کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کم سے کم 2 گھنٹے تک ایئرپورٹ پر مسافروں کی دوبارہ چیکنگ اور بورڈنگ کروائی گئی جب کہ فوری طور پر 36 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

قینچیاں غائب ہونے کے بعد 200 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار بھی ہوئیں جب کہ دوبارہ سیکیورٹی چیک اپ کی وجہ سے مسافر پریشان بھی دکھائی دیے۔

قینچیوں کے غائب ہونے پر کئی گھنٹوں تک مسافر ایئرپورٹ پر پھنسے رہے اور تاخیر کے بعد پروازوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا۔

ایئرپورٹ سیکیورٹی حکام نے دوسرے روز تصدیق کی کہ غائب ہونے والی دونوں قینچیاں دوسرے دن دکان کے قریب سے ہی ملیں، تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

ایئرپورٹ پر جو پروازیں منسوخ کی گئیں اور جو تاخیر کا شکار ہوئیں، وہ تمام مقامی پروازیں تھیں اور مذکورہ ایئرپورٹ دارالحکومت ٹوکیو کے قریبی شہر میں واقع ہے اور اس کا شمار جاپان کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں ہوتا ہے۔

جاپان میں ان دنوں حکومتی سالانہ چھٹیاں ہیں، جس وجہ سے لوگ اپنے مقامی علاقوں میں گزارنے کے لیے سفر کر رہے ہیں اور مذکورہ ایئرپورٹ پر اسی وجہ سے رش بھی تھا۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top