فغانستان کے شہر مزار شریف میں ہونے والی کارروائی کے دوران دہشت گرد تنظیم داعش خراسان کا ایک اہم کمانڈر محمد احسانی عرف انوار ہلاک ہو گیا ہے۔ احسانی کا تعلق تاجک نسل سے تھا اور وہ کئی بڑے حملوں میں ملوث رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد احسانی سال 2022 کے پشاور کوچہ رسالدار دھماکے کا مرکزی سہولت کار تھا، جس میں 67 افراد شہید ہوئے تھے۔ وہ تاجک خودکش حملہ آوروں کو نہ صرف پاکستان منتقل کرنے بلکہ ان کی تربیت کا بھی ذمہ دار تھا۔
یاد رہے کہ ستمبر 2025 میں خیبرپختونخوا میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے ایک خفیہ آپریشن کے دوران داعش خراسان کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا، جن میں ایک افغان شہری بھی شامل تھا۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ان دہشت گردوں کے روابط براہِ راست محمد احسانی سے تھے۔
ادھر باجوڑ میں جاری آپریشن “سربکف” کے تحت سیکیورٹی فورسز داعش خراسان اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سہولت کاروں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ یہ کارروائیاں علاقے کو دہشت گرد عناصر سے پاک کرنے کی قومی مہم کا حصہ ہیں۔