امریکا میں غیرملکی طلبہ اور صحافیوں کے ویزا کی مدت محدود کرنے کی تجویز

امریکا میں غیرملکی طلبہ اور صحافیوں کے ویزا کی مدت محدود کرنے کی تجویز


 امریکا کے محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے غیرملکی طلبہ، صحافیوں اور دیگر مخصوص ویزا کیٹیگریز کے حامل افراد کے لیے ویزا کی مدت محدود کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔ نئی تجویز کے تحت F ویزا (طلبہ) اور میڈیا ویزا پر امریکہ آنے والوں کے قیام کی مدت کو باقاعدہ تعلیمی یا پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے دورانیے تک محدود کر دیا جائے گا۔

محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق، 1978 سے اب تک F ویزا رکھنے والے طلبہ کو ’لامحدود قیام‘ کی سہولت حاصل تھی، جس کی وجہ سے وہ اپنی تعلیم مکمل ہونے کے بعد بھی طویل عرصے تک امریکہ میں مقیم رہتے تھے۔ محکمے کا کہنا ہے کہ اس سہولت سے بعض اوقات امریکی شہریوں کو نقصان پہنچا، اور اس کا غلط استعمال بھی سامنے آیا۔

نئی تجویز کے مطابق، غیرملکی طلبہ کا قیام ان کے سٹڈی پروگرام کی مدت تک محدود ہوگا، جس کی زیادہ سے زیادہ حد چار سال مقرر کی جائے گی۔ اس کے علاوہ طلبہ اور صحافیوں کو باقاعدہ ریگولر جانچ پڑتال (regular check-ins) سے بھی گزرنا ہوگا تاکہ ان کی سرگرمیوں اور قانونی حیثیت کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے۔

محکمہ کے مطابق، اس قانون کے اطلاق سے امیگریشن کے نظام میں مزید شفافیت آئے گی اور غیرقانونی قیام کو روکا جا سکے گا۔

یاد رہے کہ 2020 میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے بھی اسی نوعیت کا قانون متعارف کروایا تھا، تاہم صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے بعد ازاں اس تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔

تجویز پر عملدرآمد کے لیے پہلے اسے عوامی رائے (Public Comments) کے لیے پیش کیا جائے گا، جس کے بعد حتمی منظوری اور نفاذ کا فیصلہ کیا جائے گا۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top