امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ حماس کی قید سے تمام 20 زندہ یرغمالی محفوظ واپس آ چکے ہیں، جس سے ایک بڑا بوجھ ختم ہوا، تاہم ان کے مطابق امن معاہدے کا کام ابھی مکمل نہیں ہوا۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں مزید کہا کہ حماس نے وعدے کے مطابق اب تک تمام ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے نہیں کی ہیں۔
دوسری جانب، حماس نے معاہدے کے تحت مزید 4 ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دی ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ریڈ کراس کو غزہ سے یہ لاشیں موصول ہو گئی ہیں۔
اس سے قبل حماس نے 4 اور ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے سپرد کی تھیں، جس کے بعد مجموعی طور پر حماس نے 20 زندہ یرغمالیوں کے علاوہ 8 ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دی ہیں۔
حماس کے پاس اب بھی 20 ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں موجود ہیں۔
ان تمام لاشوں کی حوالگی کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔