امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی ختم کرنا ان کے لیے بہت آسان کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جنگیں روکنا پسند کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان امن قائم کرنا ان کی ترجیح ہے۔
ٹرمپ نے گفتگو کے دوران پاک بھارت جنگ بندی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے کہا کہ انہوں نے پاک بھارت تنازع ختم کر کے لاکھوں جانیں بچائیں۔
یاد رہے کہ افغانستان میں طالبان اور فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں پر پاکستان کی ٹارگٹڈ کارروائیوں کے بعد افغان طالبان کی درخواست پر شام 6 بجے سے اگلے 48 گھنٹوں کے لیے عارضی جنگ بندی کی گئی تھی۔
بعد ازاں، پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان ابتدائی جنگ بندی میں مزید توسیع پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے برطانوی خبرایجنسی نے بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوحہ میں مذاکرات کی تکمیل تک جنگ بندی میں توسیع ہوئی ہے۔