پابندیوں میں نرمی کے لیے یورپی ممالک کی ایران کو مشروط پیشکش

پابندیوں میں نرمی کے لیے یورپی ممالک کی ایران کو مشروط پیشکش


یورپ کے تین بڑے ممالک برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ایران کو پیشکش کی ہے کہ اگر وہ کچھ شرائط پوری کردے تو اس پر عائد اسنیپ بیک پابندیوں کو چھ ماہ کے لیے مؤخر کیا جاسکتا ہے۔

اقوام متحدہ میں ان ممالک کے نمائندوں نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے قبل مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو تین اقدامات اٹھانے ہوں گے: پہلا، جوہری پروگرام پر عالمی جوہری ایجنسی کے معائنہ کاروں کو دوبارہ رسائی دینا؛ دوسرا، یورینیم افزودگی سے متعلق خدشات دور کرنا؛ اور تیسرا، امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات کی بحالی۔

یاد رہے کہ انہی یورپی ممالک نے جمعرات کو اسنیپ بیک میکانزم کے تحت ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ عائد کرنے کا عمل شروع کیا تھا، جو تیس دنوں میں مکمل ہونا ہے۔ ایران کی جانب سے اس پیشکش کو مسترد کر دیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر، امیر سعید ایرانی نے مؤقف اپنایا کہ یہ شرائط غیر حقیقی اور ناقابلِ قبول ہیں۔ ان کے مطابق، ایسے مطالبات دراصل مذاکرات کے اختتام پر طے پانے چاہئیں، نہ کہ مذاکرات کے آغاز سے پہلے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی ممالک بھی بخوبی جانتے ہیں کہ یہ شرائط پوری نہیں کی جا سکتیں۔

اس سے ایک روز قبل ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عندیہ دیا تھا کہ اگر مغربی ممالک سنجیدگی اور خیرسگالی کا مظاہرہ کریں تو ایران اپنے جوہری پروگرام پر دوبارہ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top