امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بگرام ائیر بیس واپس لینے کی دھمکی پر افغان وزارتِ دفاع کے سربراہ فصیح الدین فطرت کا سخت ردِ عمل سامنے آیا۔
بگرام ایئر بیس کے معاملے پر ردِ عمل دیتے ہوئے فصیح الدین فطرت نے کہا کہ بگرام ائیر بیس پر کسی بھی قسم کا معاہدہ قابلِ قبول نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اسے سیاسی سودے بازی کے ذریعے واپس لینے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن افغانستان کی کسی بھی ایک انچ زمین پر معاہدہ کرنا ہماری ترجیح یا ضرورت نہیں۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد مواقع پر کہہ چکے ہیں کہ امریکا کو بگرام ائیر بیس چھوڑ دینا نہیں چاہیے تھا اور انہوں نے اعلان کیا ہے کہ بگرام واپس لینے کے سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔
ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر افغانستان بگرام ائیر بیس واپس نہ کرے تو اسے سنگین نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔
کچھ روز قبل چین کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بگرام ائیر بیس سے متعلق بیان پر ردعمل میں کہا گیا تھا کہ ہ افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغانوں کے ہاتھ میں ہونا چاہیے۔
چینی وزارت خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ ہم خطے میں کشیدگی یا تناؤ کو سپورٹ نہیں کریں گے، امید رکھتے ہیں کہ تمام فریق خطے کے امن اور استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کریں گے۔