برطانوی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ روز فلسطین کے حق میں ہونے والے ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کے دوران 900 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ احتجاج اس وقت شدت اختیار کر گیا جب مظاہرین نے ’فلسطین ایکشن‘ نامی تنظیم پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
پولیس کے مطابق 900 افراد کو تنظیم کی حمایت کرنے پر گرفتار کیا گیا، جبکہ 33 دیگر مظاہرین کو مختلف الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا۔
گرفتار افراد میں 17 پر پولیس اہلکاروں پر حملے کا الزام بھی شامل ہے۔ پولیس نے مظاہرے سے قبل وارننگ جاری کی تھی کہ جو بھی اس گروپ کی حمایت کرے گا، اسے فوری گرفتار کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جولائی میں فلسطین ایکشن کے کچھ اراکین نے برطانیہ کی جانب سے اسرائیل کو فوجی مدد فراہم کرنے کے خلاف رائل ایئرفورس کے ایک اڈے میں گھس کر طیاروں کو نقصان پہنچایا تھا۔
جس کے بعد حکومت نے انسدادِ دہشت گردی قوانین کے تحت اس تنظیم پر پابندی عائد کر دی تھی۔