سعودی عرب میں مقیم افراد کے لیے آب زمزم (ab zam zam) تک رسائی مزید آسان بنا دی گئی ہے۔وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اعلان کیا ہے کہ نُسُک (Nusuk) ایپ کے ذریعے اب 330 ملی لیٹر حجم کی زمزم کی بوتلیں گھر بیٹھے آرڈر کی جاسکیں گی۔
وزارت کے مطابق یہ سہولت پورے مملکتِ سعودی عرب میں دستیاب ہوگی اور صارفین جتنی چاہیں بوتلیں آرڈر کرسکیں گے کیونکہ اس سروس پر کسی بھی قسم کی حد مقرر نہیں کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد آب زمزم کو زیادہ قابلِ رسائی اور آسانی سے لے جانے کے قابل بنانا ہے، کیونکہ ماضی میں یہ زیادہ تر بڑے ڈبوں یا گیلن کی صورت میں فروخت کیا جاتا تھا جو نقل و حمل کے لحاظ سے دشوار تھے۔
وزارتِ حج و عمرہ نے واضح کیا کہ یہ سہولت نُسُک ایپ میں شامل کی جانے والی نئی ڈیجیٹل اپ گریڈزکا حصہ ہے، جو تیزی سے ایک جامع پلیٹ فارم کی شکل اختیار کرچکی ہے۔ ایپ کے ذریعے پہلے ہی عمرہ پرمٹ، رہائش کی بکنگ، ویزا اجراء اور دیگر سہولیات میسر ہیں، جنہیں اب آب زمزم کی آن لائن ترسیل کے آپشن سے مزید وسعت دی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق نُسُک ایپ میں خدمات کا پھیلاؤ سعودی عرب کے ویژن 2030 کے اہداف کے عین مطابق ہے، جس کا مقصد زائرین، معتمرین اور رہائشیوں کے لیے ڈیجیٹل سہولیات کو فروغ دینا اور مذہبی خدمات تک رسائی کو مزید بہتر بنانا ہے۔