سعودی عرب کے سیاحتی شہر طائف میں واقع گرین ماؤنٹین پارک میں پینڈولم جھولا حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 23 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ بدھ کی شام اس وقت پیش آیا جب مشہور جھولا اچانک ٹوٹ گیا، جس کے باعث اس میں سوار متعدد افراد فضا میں اچھل کر زمین پر آ گرے۔
ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض افراد کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’360 بگ پینڈولم‘ جھولے کو گرین ماؤنٹین پارک کا مرکزی جھولا قرار دیا جاتا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پینڈولم جھولا معمول کے مطابق سیاحوں کو جھولے دے رہا ہے۔
پینڈولم جھولے کے سوار اس دوران خوشی سے چیخ و پکار کر رہے ہیں کہ اچانک ایک تیز آواز آتی ہے اور جھولے کا مرکزی ستون دو حصوں میں ٹوٹ جاتا ہے۔
اس کے بعد جھولے میں بیٹھے افراد جن میں زیادہ تر خواتین ہیں، جھولے سمیت پلیٹ فارم پر جا گرتے ہیں اور ہر طرف چیخ و پکار کی آوازیں آنے لگتی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق جھولے کے سواروں کو سیفٹی بیلٹس سے باندھا گیا تھا لیکن اس کے باوجود بہت سے افراد جھولے سے گر کر شدید زخمی ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی انتظامیہ نے فوری طور پر پارک کو بند کر کے علاقے کو سیل کر دیا اور افسوسناک واقعے کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے۔
گورنر شہزادہ سعود بن ناہر بن سعود بن عبدالعزیز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے گرین ماؤنٹین ریزورٹ کو مکمل طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا۔