سعودی ایئرلائن بڑی بڑی ایئرلائنز کو مات دیتے ہوئے دنیا بھر میں بروقت آمد و روانگی کے حوالے سے دنیا میں پہلے نمبر پر آگئی ہے۔
ترجمان سعودی ائیرلائن نے بتایا کہ ایوی ایشن سے متعلق کیریم نے رپورٹ جاری کی ہے، رپورٹ میں سعودی ایئرلائن کو جون 2024 میں عالمی فضائی کمپنیوں میں پہلے نمبر پر قرار دیا گیا ہے، 4 براعظموں میں 100 سے زائد روٹس کے نیٹ ورک پر 16 ہزار 133 پروازیں آپریٹ کی گئیں۔
سعودی ائیرلائن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 88.22 فیصد پروازوں کی بروقت آمد اور 88.73 فیصد پروازوں نے بروقت روانگی کی شرح حاصل کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حج اور موسم گرما کے باعث جون کو فضائی سفر کیلئے مصروف ترین سیزن مانا جاتا ہے، سعوی ائیر لائن کی پاکستان میں آپریشنز کیلئے وقت کی پابندی خاص طور پر قابل تعریف ہے۔
سعودی ائیر لائن پاکستان کے بڑے شہروں اور سودی عرب کے درمیان قابل اعتماد روابط کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ابراہیم العمر ڈائریکٹر جنرل سعودیہ گروپ کا کہنا تھا کہ مسافروں کیلئے سفری سہولت میں اضافے کے باعث پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور ثقافتی تعلقات بھی مضبوط ہوتے ہیں۔
سعودیہ کے تمام ملازمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنھوں نے قومی فضائی کمپنی کی عمدہ کارکردگی کو برقرار رکھنے میں انتھک محنت کی۔