جرمنی میں برڈ فلو پھیل گیا، لاکھوں مرغیاں اور پرندے ہلاک

جرمنی میں برڈ فلو پھیل گیا، لاکھوں مرغیاں اور پرندے ہلاک


جرمنی میں برڈ فلو (ایویئن انفلوئنزا) کی مہلک لہر تیزی سے پھیل رہی ہے، جس کے باعث حکام نے بیماری کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاکھوں پرندے تلف کر دیے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق نوہارڈن برگ کے ایک فارم میں وائرس کی موجودگی کے بعد 80 ہزار بطخیں تلف کر دی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ بیماری کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر فوری کارروائی کی گئی اور متاثرہ علاقوں میں پولٹری کی نقل و حرکت پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق برڈ فلو کے حالیہ پھیلاؤ کے بعد ملک بھر میں 30 سے زائد پولٹری فارموں کو اپنے پرندے تلف کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔

ابتدائی اندازوں کے مطابق اب تک چار لاکھ سے زائد مرغیاں، بطخیں، ہنس اور دیگر پرندے تلف کیے جا چکے ہیں تاکہ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگلی پرندے، جو سردیوں میں جنوب کی طرف ہجرت کرتے ہیں، اس بیماری کے پھیلاؤ کا بڑا ذریعہ بنتے ہیں۔

اگرچہ جرمنی میں برڈ فلو اب سال بھر موجود رہنے والی بیماری بن چکی ہے، لیکن موسمِ خزاں میں ہجرت کے دوران اس کے پھیلنے کے امکانات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔

جرمن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ایف ایل آئی کے مطابق اس سال انفیکشن کی لہر معمول سے پہلے شروع ہوئی ہے، خاص طور پر شمال مغربی برانڈنبرگ کے علاقے میں جہاں بڑی تعداد میں پرندوں کی ہلاکتیں رپورٹ ہو رہی ہیں۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top