روس میں تعینات بھارتی سفیر ونے کمار نے کہا ہے کہ بھارت کی ترجیح توانائی کی حصولی یقینی بنانا ہے تاکہ مقامی ضروریات پورا ہو سکیں۔ بھارت جہاں سے سستا تیل ملے گا، وہیں سے خریداری کرے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، بھارتی سفیر نے روسی ذرائع ابلاغ کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر اضافی محصولات لگانے کے فیصلے کو غیر معقول، غیر منصفانہ اور بلا جواز قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپ سمیت دیگر ممالک بھی روس کے ساتھ تجارت کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور روس کے درمیان تجارت دوطرفہ تعلقات اور باہمی مفادات پر مبنی ہے، اور بھارتی حکومت قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر عائد 50 فیصد ٹیرف نافذ ہونے میں صرف 2 دن باقی ہیں، اور ایسے وقت میں بھارتی سفیر کا بیان صدر ٹرمپ کے اضافی محصولات کے فیصلے کے خلاف بھارت کی واضح پالیسی کو ظاہر کرتا ہے۔