بنگلہ دیش کی یوٹیوبر اور مس ایشیا گلوبل جیتنے والی اداکارہ شانتا پال کو بھارت میں گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کولکتہ پولیس کے افسران نے کرائے کے فلیٹ پر چھاپہ مارا، جہاں انہیں غیر قانونی اشیاء ملنے کی توقع تھی، تاہم وہاں جعلسازی دستاویزات کا معاملہ سامنے آیا۔
2019 میں ’مس ایشیا گلوبل‘ کا ٹائٹل جیتنے والی بنگلہ دیشی شہری 28 سالہ شانتا پال کو چھاپے کے دوران متعدد جعلی بھارتی دستاویزات کے ساتھ گرفتار کیا گیا، ان کے پاس سے 2 آدھار کارڈ، ووٹر آئی ڈی، راشن کارڈ اور یہاں تک کہ ایک پان کارڈ بھی برآمد کیا گیا۔
شانتا پال ماضی میں بنگلہ دیشی ایئرلائن کے لیے کیبن کریو کے طور پر کام کرتی تھیں، بعد میں انہوں نے کولکتہ میں فوڈ و لاگر اور ماڈل کے طور پر کام شروع کیا، انہوں نے مقبول یوٹیوب چینل بھی چلایا، جس میں وہ اسٹریٹ فوڈ ٹورز اور گھریلو پکوان کی ویڈیوز شیئر کرتی تھیں، اور ان کے ہزاروں سبسکرائبرز تھے۔
حکام نے الزام عائد کیا کہ شانتا پال نے 2023 کے آخر میں مختصر مدت کے کاروباری ویزے پر بھارت آئی تھیں اور وہ مدت سے زیادہ وقت تک رہی تھیں، انہوں نے ایک خفیہ مارکیٹ کے ذریعے جعلسازی کے دستاویزات حاصل کیے تاکہ مقامی باشندہ کے طور پر خود کو چھپایا جا سکے، حکام کے مطابق پولیس کو پہلی بار شک اس وقت ہوا جب شانتا پال نے معمول کی چیک ایپ کے دوران درست ویزا فراہم نہیں کیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ مزید تفتیش کے دوران نہ صرف جعلی آدھار اور ووٹر کارڈز، بلکہ متعدد بنگلہ دیشی پاسپورٹس، ڈھاکا میں اپنی ثانوی اسکول امتحانات کا ایڈمٹ کارڈ اور ایئرلائن اسٹاف آئی ڈی بھی برآمد ہوئی۔