پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور پاک فوج کے مؤثر جوابی اقدام کے بعد سعودی عرب نے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی اور جھڑپیں تشویشناک ہیں۔
اور دونوں ممالک کو تحمل، ضبطِ نفس اور مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی ضرورت ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ گفت و شنید اور حکمت پر مبنی رویہ ہی وہ راستہ ہے جو کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
سعودی عرب نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ان تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے جن کا مقصد امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے فضا ہموار کرنا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے مزید کہا گیا ہےکہ وہ امن و سلامتی کو یقینی بنانے کا خواہش مند ہے جس سے برادر پاکستانی اور افغان عوام کو استحکام اور خوشحالی حاصل ہوگی۔