جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل پر جنگ کا جنون سوار ہے۔ اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر نے واضح اعلان کیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں آپریشن اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک آخری مغوی کی لاش واپس نہیں لائی جاتی۔
ایال ضمیر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج مستقبل کی جانب دیکھ رہی ہے، تاہم ماضی کا بوجھ ابھی بھی کندھوں پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ تجربات سے سیکھنا اور سبق حاصل کرنا ہمارا اخلاقی و پیشہ ورانہ فرض ہے، اور ہم یہ کام عزم و حوصلے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ “جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، ہمیں اپنا مشن مکمل کرنا ہے، مغویوں کی واپسی اور حماس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنی ہیں۔”
انہوں نے فوجیوں کو پیغام دیا کہ تمام محاذوں پر ممکنہ چیلنجز کے لیے تیار رہنا ہے۔
