بھارت نے پاک امریکا تعلقات پر اعتراض نہیں کیاِ، امریکی وزیر خارجہ

بھارت نے پاک امریکا تعلقات پر اعتراض نہیں کیاِ، امریکی وزیر خارجہ


امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر بھارت نے کوئی باضابطہ اعتراض نہیں کیا، البتہ ہم اس کے خدشات سے ضرور باخبر ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا بھارت نے پاکستان اور امریکا کے درمیان بڑھتے تعاون پر کوئی تحفظات یا اعتراضات ظاہر کیے ہیں؟ اس پر مارکو روبیو نے جواب دیا کہ “نہیں، ایسا کچھ نہیں ہوا، تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ بھارت کو اس معاملے پر کچھ خدشات ضرور ہو سکتے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ایک حقیقت ہے، اس لیے بھارت کے خدشات کسی حد تک فطری ہیں۔ “بھارت کو یہ سمجھنا چاہیے کہ امریکا کے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات ہیں، اور ہم پاکستان کے ساتھ اپنے اسٹریٹیجک روابط کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔”

روبیو نے کہا کہ “بھارت کے بھی ایسے ممالک سے تعلقات ہیں جن کے ساتھ ہمارے نہیں ہیں، یہی خارجہ پالیسی کی حقیقت ہے۔ میں نہیں سمجھتا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات بھارت سے تعلقات کی قیمت پر ہیں۔”

ان کا کہنا تھا کہ امریکی خارجہ پالیسی کا مقصد دنیا کے ممالک کے ساتھ مشترکہ مفادات پر شراکت داری کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ “مجھے یقین ہے کہ بھارتی قیادت سفارتکاری کے معاملے میں حقیقت پسندانہ رویہ رکھتی ہے، اگرچہ کچھ چیلنجز ضرور موجود ہیں، لیکن ہمارا مقصد تعلقات میں نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔”

مارکو روبیو نے مزید کہا کہ پاکستان نے پاک بھارت ممکنہ جنگ کو روکنے میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو سراہا تھا۔ “تنازع شروع ہونے سے قبل ہی میری دونوں ممالک سے بات ہوئی تھی، اور ہمیں یقین ہے کہ کئی شعبے ایسے ہیں جن میں امریکا اور پاکستان مل کر کام کر سکتے ہیں۔”

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ انسداد دہشتگردی کے شعبے میں ہمارا طویل تعاون رہا ہے، ہم چاہیں گے کہ پاکستان سے تعاون کو ہم مزید وسعت دیں، پاک امریکا تعلقات میں جو بہتری آئی ہے وہ حوصلہ افزا بات ہے اور میں نہیں سمجھتا کہ یہ بہتری بھارت یا کسی اور ملک کے ساتھ تعلقات کے نقصان پر ہوئی ہے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top