عالمی رائیڈ شیئرنگ کمپنی اوبر (Uber) نے ترکی میں ایک ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ سینٹر قائم کرنے کے لیے 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
ترکی کی وزارتِ صنعت و ٹیکنالوجی کے مطابق یہ مرکز 5 سالہ منصوبے کے تحت استنبول میں قائم کیا جائے گا اور جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، اور موبائل سروسز کی ترقی پر کام کرے گا۔
وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اوبر کا امریکا سے باہر چوتھا بڑا ٹیکنالوجی سینٹر ہوگا۔ اس سے قبل کمپنی نے برازیل، بھارت اور نیدرلینڈز میں اسی نوعیت کے مراکز قائم کیے ہیں۔
ترک حکام کا کہنا ہے کہ یہ سرمایہ کاری نہ صرف مقامی ٹیکنالوجی سیکٹر کو فروغ دے گی بلکہ ہزاروں انجینئرز اور ڈیجیٹل ماہرین کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گی۔
یاد رہے کہ اوبر نے پاکستان میں اپنا آپریشن مئی 2024 میں بند کر دیا تھا۔ اس کے بعد اوبر کی جانب سے خریدی گئی آن لائن ٹیکسی سروس ‘کریم’ کی سروسز پاکستان میں دستیاب رہیں مگر کچھ عرصہ بعد وہ بھی مستقل طور پر بند کر دی گئیں۔
 
				