سست چلنے والے پرانے اسمارٹ فون کی سپیڈ کیسے بڑھائیں؟

سست چلنے والے پرانے اسمارٹ فون کی سپیڈ کیسے بڑھائیں؟


اگر آپ کا اینڈرائیڈ فون وقت کے ساتھ سست ہو گیا ہے اور معمولی کاموں میں بھی وقفہ محسوس ہوتا ہے تو اب اسے تیز بنانے کا ایک آسان مگر مؤثر طریقہ سامنے آیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں کچھ خفیہ سیٹنگز ایسی موجود ہوتی ہیں، جنہیں درست انداز میں تبدیل کر کے فون کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

یہ خاص طور پر ان صارفین کے لیے مفید ہے جن کے فون پرانے ہو چکے ہیں یا جو اکثر ایپس کھولنے یا ایک سے دوسری ایپ پر جانے کے دوران زیادہ دیر لگاتے ہیں۔

اس حوالے سے اہم تبدیلیاں “ڈویلپر آپشنز” کے مینو میں کی جا سکتی ہیں۔ اس مینو کو فعال کرنے کے لیے صارف کو پہلے اپنے فون کی سیٹنگز میں جا کر ’اباؤٹ فون‘ کے سیکشن میں ’بلڈ نمبر‘ پر سات بار ٹیپ کرنا ہوتا ہے۔

اس کے بعد ڈویلپر آپشنز فعال ہو جاتے ہیں، جہاں سے صارف مختلف اینیمیشن سیٹنگز جیسے ’ونڈو اینیمیشن اسکیل‘، ’ٹرانزیشن اینیمیشن اسکیل‘ اور ’انی میٹر ڈیوریشن اسکیل‘ کو کم کر سکتا ہے۔ ان سیٹنگز کو کم کرنے یا مکمل طور پر بند کرنے سے صارف کو فون کی رفتار میں واضح بہتری محسوس ہو سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اینیمیشنز فون کے پروسیسر اور گرافکس یونٹ پر اضافی بوجھ ڈالتی ہیں۔ ان سیٹنگز کو کم کرنے سے نہ صرف صارف کا وقت بچتا ہے بلکہ فون کی کارکردگی بھی بہتر ہوتی ہے۔ خاص طور پر وہ فون جن کی ہارڈویئر صلاحیتیں محدود ہو چکی ہیں، ان کے لیے یہ طریقہ نہایت کارآمد ہے۔

اس کے ساتھ ہی ماہرین نے یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ فون کی کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے وقتاً فوقتاً ایپس کا فالتو ڈیٹا ڈیلیٹ کرنا، پسِ منظر میں چلنے والی ایپس کو محدود کرنا اور غیر ضروری فائلیں مٹانا بھی مفید ہے۔

تاہم اگر فون بہت زیادہ پرانا ہو چکا ہے، سیکیورٹی اپڈیٹس حاصل نہیں ہو رہیں یا بیٹری بہت جلدی ختم ہو جاتی ہے تو بہتر یہی ہے کہ نیا فون خریدنے پر غور کیا جائے۔

ٹیکنالوجی کے ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ زیادہ بہتر کارکردگی، طویل مدتی سپورٹ اور جدید فیچرز چاہتے ہیں تو سام سنگ یا گوگل پکسل جیسے نئے ماڈلز کو ترجیح دیں، تاکہ جدید ضروریات کے مطابق ان کا اسمارٹ فون ساتھ دے سکے۔





Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top