انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے اپنے سب سے طاقتور اے آئی سرچ فیچر اے آئی موڈ کو دیگر ممالک کے بعد اب پاکستان میں متعارف کرا دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق رواں برس کے آغاز پر امریکہ میں متعارف کرایا گیا اے آئی موڈ اب دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔
سرچ انجن گوگل کے مطابق اے آئی سرچ فیچر اے آئی موڈ خاص طور پر ان صارفین کے لیے مدد گار ہے۔ جو تحقیق، مصنوعات کا موازنہ کرنے، سفر کی منصوبہ بندی یا پیچیدہ سوالات کے جوابات چاہتے ہیں۔
جیمنی 2.5 کے کسٹم ورژن پر مبنی یہ موڈ صارفین کو ایک ہی بار میں طویل اور پیچیدہ سوالات پوچھنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ جو ماضی میں متعدد سرچز کے ذریعے ہی ممکن ہوتا تھا۔
ابتدائی ٹیسٹ کے مطابق اس موڈ میں کیے گئے سوالات روایتی سرچ کے مقابلے میں دو سے تین گنا زیادہ طویل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے اے آئی منصوبوں کے لیے 30 فیصد فنڈ مختص کردیا
اس فیچر کے پاکستان میں متعارف ہونے کے بعد اب صارفین اسے مختلف طریقوں سے استعمال کر سکتے ہیں۔ اپنے ملک بھر میں گھومنے کی منصوبہ بندی سمیت کھانے کے حوالے سے سوالات بھی کیے جا سکیں گے۔