گلگت بلتستان پولیس نے اپنے اہلکاروں کے لیے ٹک ٹاک کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس کے دفتر سے پیر کے روز جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فورس کے نظم و ضبط، یکسانیت اور وقار کو برقرار رکھنے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے، کہ کوئی بھی پولیس افسر یا اہلکار ٹک ٹاک استعمال نہ کرے۔
حکم نامے میں کہا کہ تمام ڈسٹرکٹ پولیس افسران اور یونٹ سربراہان یہ پیغام اپنے ماتحت اہلکاروں تک پہنچائیں اور اس پر سختی سے عمل کروائیں، اس کی خلاف ورزی پر سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
بچوں کے لنچ باکس چیک کرنے ہوں گے، کہیں کوئی چیز باہر سے تو نہیں آ رہی، عدالت
واضح رہے کہ پاکستان میں پولیس فورسز میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے حوالے سے پہلے بھی متعدد اقدامات کئے جا چکے ہیں، جولائی میں اسلام آباد پولیس کے دو اہلکاروں کو وردی میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنا کر اپ لوڈ کرنے پر معطل کر دیا گیا تھا اور درجنوں اہلکاروں کو اپنے اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
اس سے قبل مارچ میں پنجاب پولیس نے بھی نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس میں اہلکاروں کو سوشل میڈیا پر حکومت کے خلاف کسی بھی قسم کے نامناسب خیالات کے اظہار سے باز رہنے کی ہدایت دی گئی تھی۔