وزیراعظم کی اسلام آباد کو پائلٹ اسمارٹ سٹی بنانے کی ہدایت

وزیراعظم کی اسلام آباد کو پائلٹ اسمارٹ سٹی بنانے کی ہدایت


وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کو پائلٹ اسمارٹ سٹی بنانے کی ہدایت کر دی۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد کو پائلٹ اسمارٹ سٹی بنانے کی عملی پیش رفت جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارتِ آئی ٹی نے اسلام آباد کے تمام پبلک اسکولز، بنیادی مراکز صحت (بی ایچ یوز) اور ہیلتھ سیکٹرز کو فائبر آپٹک سہولت فراہم کرنے کے لیے فنڈنگ مکمل کر دی ہے، اور آئندہ چھ سے آٹھ ماہ کے اندر اسپتال، اسکول اور پولیس اسٹیشنز مکمل طور پر فائبرائز ہو جائیں گے۔

شزہ فاطمہ نے بتایا کہ مفت عوامی وائی فائی سروس کے لیے مخصوص مقامات کی نشاندہی کی جا رہی ہے، جب کہ میٹرو بس سروس اور دیگر عوامی مقامات پر وائی فائی سہولیات پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت تعلیم ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے، اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے دور دراز علاقوں میں تعلیم کی سہولیات کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔ شزہ فاطمہ نے کہا کہ ایڈٹیک (EDTECH) کے ذریعے ریموٹ اسکولز میں بھی تعلیم دی جائے گی، اور منصوبہ ہے کہ مصنوعی ذہانت (AI) اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو کنڈرگارٹن سے لے کر چھٹی جماعت تک نصاب کا حصہ بنایا جائے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی کے مطابق وزیراعظم چاہتے ہیں کہ اسلام آباد کا ہر بچہ تعلیم حاصل کرے اور اسے منصوبے کو آگے چل کر گلگت بلتستان اور دیگر دور دراز علاقوں تک وسعت دی جائے گی۔

پاکستان میں کرپٹو کرنسی مائننگ کے لیے 2 ہزار میگاواٹ بجلی مختص کرنا چاہیے، آئی ٹی ماہر

شزہ فاطمہ نے کہا کہ وزارت صحت کے اشتراک سے “ون پیشنٹ، ون آئی ڈی” کے نظام پر کام جاری ہے، جس کا مقصد ہر مریض کا ایک ڈیجیٹل طبی ریکارڈ بنانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیلی میڈیسن کے ذریعے تمام بی ایچ یوز کو انٹرنیٹ سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ ماہر ڈاکٹروں کی آن لائن مشاورت ہر جگہ میسر ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آئی ٹی تعلیم کو نصاب کا حصہ بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

شزہ فاطمہ نے اعلان کیا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ پانچ لاکھ نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں کی تربیت دی جائے، جن میں دو لاکھ بچوں کو گوگل، تین لاکھ کو ہواوے، اور دو لاکھ کو مائیکروسافٹ ٹریننگ فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پرائمری سطح پر بچے اور بچیاں مصنوعی ذہانت سیکھ کر اپنی تعلیمی و پیشہ ورانہ زندگی میں آگے بڑھیں گے۔ شزہ فاطمہ کے مطابق حکومت مربوط حکمت عملی کے تحت ملکی آئی ٹی افرادی قوت کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے کے لیے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے-



Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top