موبائل گیمز بنانے میں پاکستان خطے کا دوسرا بڑا ملک

موبائل گیمز بنانے میں پاکستان خطے کا دوسرا بڑا ملک


پاکستان طویل عرصے سے بڑی تعداد میں موبائل ایپس استعمال کرنے اور گیمز کھیلنے والے بڑے ممالک کے طور پر جانا جاتا ہے۔

چاہے وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ہوں، ای کامرس کی ایپس ہوں، یا پھر PUBG جیسی مقبول ترین موبائل گیمز، پاکستانیوں کی بڑی تعداد ان کی شیدائی ہے۔

یہ ساری ایپس پاکستان سے باہر کسی ملک میں بنائی گئی ہیں۔ لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ پاکستان میں موبائل گیمز نہیں بنائی جاتیں۔ اس پورے خطے میں سب سے زیادہ گیمز بنانے والے ممالک میں پاکستان کا دوسرا نمبر ہے۔

ڈیجیٹل تحقیقاتی ادارے ‘ڈیٹا دربار’ کے مطابق صرف 2024  میں پاکستان نے حیران کن طور پر 1,053 مقامی موبائل گیمز ریلیز کیں، جن میں 764 اینڈرائیڈ اور 289 آئی او ایس گیمز شامل ہیں۔

یہ تعداد نہ صرف فلپائن (800)، انڈونیشیا (725)، میکسیکو (163) اور مصر (133) جیسے ممالک سے زیادہ ہے بلکہ پاکستان کو خطے کا دوسرا بڑا گیم ڈیولپمنٹ حب بھی بناتی ہے۔

پاکستان سے آگے صرف ویتنام ہے، جس نے 2,715 گیمز ریلیز کیں۔

مقامی موبائل گیمز غیر معروف کیوں؟

تاہم، اس متاثر کن پیداوار کے باوجود پاکستانی گیمنگ اسٹوڈیوز کا عالمی سطح پر تذکرہ ناپید ہے۔ نہ کسی گیم کی کامیابی کی کوئی مشہور کہانی، نہ خاطر خواہ سرمایہ کاری، اور نہ ہی بڑی سطح پر کسی اسٹوڈیو کی خرید و فروخت (ایگزٹ) دیکھنے میں آئی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس کی ایک بڑی وجہ پاکستانی ڈیولپرز کی جانب سے ‘ہائپر کیژوئل’ گیمز پر انحصار ہے، جہاں مقابلہ انتہائی سخت ہوتا ہے اور ٹاپ چارٹس تک پہنچنا بے حد مشکل۔

گیمنگ انڈسٹری میں بہتری کی امید

اس تناظر میں خوش آئند پہلو یہ ہے کہ اس شعبے میں بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کا آغاز ہو گیا ہے۔

حال ہی میں ہم نیٹ ورک، وزارت آئی ٹی اور ‘اگنائٹ – نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ’ نے مشترکہ تعاون سے سینٹر آف ایکسیلنس ان گیمنگ اینڈ اینیمیشن (CEGA) کے قیام کا اعلان کیا ہے، جس کے لیے 2.52 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

یہ ادارہ مقامی گیمنگ اسٹارٹ اپس اور نوجوان ٹیلنٹ کو رہنمائی، تربیت اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر اس منصوبے پر مؤثر عملدرآمد ہوا تو نہ صرف پاکستانی گیمنگ صنعت کو نئی جان ملے گی بلکہ یہ عالمی مارکیٹ میں بھی اپنا مقام بنانے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔



Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top