نادرا نے والدین کے لیے بچوں کا ب فارم (Child Registration Certificate) بنوانے کا عمل مزید آسان بنا دیا ہے۔ اب شہریوں کو طویل قطاروں میں لگنے یا دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ یہ سہولت مکمل طور پر آن لائن کر دی گئی ہے۔
نادرا کی جانب سے متعارف کرائی گئی”پاک آئی ڈی” (Pak-ID) موبائل ایپ کے ذریعے والدین اپنے بچوں کا ب فارم گھر بیٹھے ہی بنوا سکتے ہیں۔ ایپ میں درخواست جمع کرانے، فیس کی ادائیگی، ب فارم ڈاؤن لوڈ کرنے اور اسے “ID Vault” میں محفوظ رکھنے کے تمام مراحل چند منٹوں میں مکمل کیے جا سکتے ہیں۔
شہری صرف چند آسان مراحل میں اپنے موبائل سے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ اس کے لیے والدین کو اپنی شناختی تفصیلات اور بچے کی معلومات فراہم کرنا ہوتی ہیں، جب کہ ضروری دستاویزات (جیسے پیدائش کا سرٹیفیکیٹ یا والدین کے شناختی کارڈ) کی تصاویر اپ لوڈ کرنی ہوتی ہیں۔ درخواست جمع ہونے کے بعد نادرا کی جانب سے تصدیق کا عمل مکمل کیا جاتا ہے اور ب فارم تیار ہونے پر صارف کو ایپ کے ذریعے ہی اطلاع دے دی جاتی ہے۔
نادرا کے مطابق، شہری ایپ سے ب فارم ڈاؤن لوڈ کرکے پرنٹ نکال سکتے ہیں یا اسے ڈیجیٹل طور پر ID Vault میں محفوظ رکھ سکتے ہیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی سرکاری یا تعلیمی ادارے میں جمع کرانے کے لیے آسانی سے دستیاب ہو۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ یہ سہولت شہریوں کو وقت اور سفر کے اخراجات سے بچانے کے لیے فراہم کی گئی ہے۔ ادارے کے مطابق، ’’ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ خدمات کو ڈیجیٹل کیا جائے تاکہ عوام کو نادرا دفاتر کے طویل انتظار سے نجات مل سکے۔‘‘
واضح رہے کہ نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے اس سے قبل قومی شناختی کارڈ (CNIC) اور اسمارٹ کارڈ کی تجدید کی سہولت بھی فراہم کی جا چکی ہے، جسے لاکھوں شہری کامیابی سے استعمال کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے نادرا کی خصوصی سہولت
کینیڈا، اٹلی، بحرین اور اردن میں نادرا کاؤنٹرز مکمل طور پر فعال