پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگی کے بڑے پلیٹ فارم ایزی پیسہ (Easypaisa) کے صارفین کو گزشتہ دو روز سے مالی لین دین میں سنگین نوعیت کی مشکلات کا سامنا ہے۔
اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق متعدد افراد نے شکایت کی ہے کہ ان کے اکاؤنٹ سے رقم کاٹ لی گئی، مگر وہ رقم مطلوبہ وصول کنندہ تک نہیں پہنچی۔
صارفین کا کہنا ہے کہ کچھ ٹرانزیکشنز کے ایک سے زائد بار میسجز موصول ہو رہے ہیں، جس سے دھوکہ دہی کا گمان بھی پیدا ہو رہا ہے۔ بظاہر اس مسئلے کی جڑ ایزی پیسہ ایپ میں فنی خرابی ہے لیکن ایپ انتظامیہ ماننے سے انکاری ہے۔
رقم ٹرانسفر ہوئی مگر ملی نہیں
گزشتہ آٹھ سال سے بطور ایزی پیسہ وینڈر کام کرنے والے فیصل علی خان بتاتے ہیں کہ ایک نوجوان نے انہیں 15 ہزار روپے کی ٹرانزیکشن کا میسج دکھایا، جو بظاہر کامیاب دکھائی دے رہا تھا۔ انہوں نے نوجوان کو کیش رقم تھما دی، مگر بعد میں جب اکاؤنٹ ہسٹری چیک کی تو پتہ چلا کہ وہ ٹرانزیکشن ریکارڈ ہی نہیں ہوئی۔
@easypaisa My complaint for a fraudulent transaction of PKR 900 (ID: 12729458) was declined without a formal reason. I’ve sent multiple emails to your team and the SBP without a response. Please provide a resolution. #EasypaisaScam #ConsumerComplaint
— Sagheer (@Flokii9990) October 13, 2025
فیصل کہتے ہیں کہ ایک دن میں 5 ایسے کیسز ہوئے جن میں لگ رہا تھا کہ رقم موصول ہوئی ہے، مگر ریکارڈ میں کچھ نہیں تھا۔ مجھے لگا شاید کسی نے میرے ساتھ دھوکہ کیا ہے، مگر پھر جب گاہک واپس آ کر شکایت کرنے لگے کہ میرے ذریعے بھیجی گئی رقم دوسری طرف پہنچی ہی نہیں، تب اندازہ ہوا کہ مسئلہ ایپ کا ہے، فراڈ کا نہیں۔
دو دو بار مسیج آتے ہیں
کراچی میں ایک چھوٹا ہوٹل چلانے والے نوخیز احمد کو بھی اسی قسم کے مسئلے کا سامنا کرنا پڑا۔ گاہکوں نے شکایت کی کہ وہ غلطی سے دو بار ادائیگی کر چکے ہیں۔ نوخیز کو چونکہ دو دو تین تین میسجز ملے تھے، انہوں نے سمجھا واقعی ڈپلیکیٹ ٹرانزیکشن ہوئی ہے اور گاہکوں کو پیسے واپس کر دیے۔
نوخیز احمد کا کہنا ہے کہ بعد میں پتہ چلا یہ ایپ کا مسئلہ تھا، ایک ہی ٹرانزیکشن کے کئی پیغامات آ رہے تھے۔ اس دن جتنا نقصان ہوا، وہ میرے روز کے منافع کے برابر تھا۔
اسی طرح کا واقعہ راولپنڈی کے ایک رہائشی کے ساتھ بھی پیش آیا۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ اپنے تمام بل، فیسیں اور اخراجات ایزی پیسہ کے ذریعے ادا کرتے ہیں، مگر پچھلے ہفتے تین بار ایسا ہوا کہ ٹرانزیکشن ‘کامیاب’ ظاہر ہوئی، لیکن نہ پیسے کٹے، نہ ہی کہیں منتقل ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ٹرانزیکشن میں تو رقم کٹ بھی گئی، مگر جہاں بھیجنی تھی وہاں پہنچی ہی نہیں۔ جب ایزی پیسہ ہیلپ لائن سے رابطہ کیا تو صرف یہ کہا گیا کہ ‘ہماری ٹیم دیکھ رہی ہے’، نہ کوئی تسلی بخش جواب، نہ رقم کی واپسی کی تاریخ۔
ایزی پیسہ کا مؤقف
ایزی پیسہ انتظامیہ نے ان تمام شکایات کے باوجود کسی خرابی کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔ کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایزی پیسہ کی سروسز معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔
اہم اطلاع
سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر ایزی پیسہ اکاؤنٹس کی بندش یا سروس میں خلل کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہیں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔
(۱/۳)
— easypaisa digital bank (@easypaisa) September 29, 2024
انہوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات ملک میں موبائل انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ سے وقتی تاخیر یا مسئلہ ہو سکتا ہے، لیکن یہ ایزی پیسہ سے منسلک مسئلہ نہیں۔