اسٹیل سے 10 گنا مضبوط لکڑی تیار

اسٹیل سے 10 گنا مضبوط لکڑی تیار


امریکی کمپنی ”انوینٹ ووڈ” نے ایک نئی اور مضبوط لکڑی متعارف کرا دی۔ جسے ”سپر ووڈ” کا نام دیا گیا ہے۔ یہ لکڑی اسٹیل سے تقریبا 10 گنا زیادہ مضبوط ہے۔ جبکہ اس کا وزن اسٹیل سے 6 گنا کم ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ییل یونیورسٹی کے پروفیسر اور ماہر سائنسدان لیانگ بینگ ہو نے انوینٹ ووڈ کمپنی کی بنیاد رکھی تھی۔ اور اس لکڑی کی تیاری میں انہیں تقریبا 10 سال کا عرصہ لگا۔

لیانگ بینگ ہو نے ایک تجرنے میں لکڑی سے ”لگنن” نامی جزو کو جزوی طور پر ہٹا کر اسے ٹرانسپیرنٹ بھی بنا دیا۔ ”لگنن” وہ مادہ ہے جو لکڑی کو رنگ اور کچھ مضبوطی فراہم کرتا ہے۔

پروفیسر کی اصل کوشش لکڑی کو زیادہ مضبوط اور طاقتور بنانا تھا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے سیلولوز پر کام کیا، جو پودوں کے ریشوں کا بنیادی جزو ہے اور دنیا میں سب سے زیادہ پائے جانے والے قدرتی حیاتیاتی مادّوں میں شمار ہوتا ہے۔

اس مقصد کے لیے ایک عمل کے ذریعے لکڑی کو کیمیائی کمپریسر میں رکھا جاتا ہے۔ پھر ہیٹ پریشر کے ذریعے اسے کمپریس کیا جاتا ہے۔ تاکہ لکڑی کے خلیاتی ڈھانچے کو مسخ کر کے اسے نرم خلیات سے قوت بخش کیا جائے۔

اس عمل سے لکڑی کی ساخت اتنی بہتر ہو جاتی ہے کہ سیلولوز فائبرز ایک دوسرے کے قریب آ جاتے ہیں۔ اور بہت زیادہ ہائیڈروجن بانڈز بنتے ہیں، جس سے لکڑی مضبوط، سخت، اور پائیدار بنتی ہے۔

پروفیسر نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ لکڑی اسٹیل سے تقریباً 50 فیصد زیادہ ٹینسل طاقت رکھتی ہے۔ اور طاقت بہ وزن کا تناسب اسٹیل کے مقابلے میں تقریباً 10 گنا بہتر ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ لکڑی اسٹیل کے مقابلے میں تقریباً 6 گنا ہلکی ہے۔

مذکورہ لکڑی میں داغ، کیڑے مکوڑوں اور نمی کے خلاف مزاحمت بھی پائی جاتی ہے۔ جبکہ تیز آگ میں بھی یہ کلاس اے فائر ریٹنگ حاصل کرتی ہے۔



Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top