پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے لیے فاسٹ-نیوکس (FAST-NUCES) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئے ہیں، جس کے تحت طلبہ اور اساتذہ عالمی معیار کی آئی ٹی ٹریننگ اور سرٹیفکیشن حاصل کر سکیں گے۔
یہ معاہدہ پی آئی ٹی بی کے اسکلز ڈویلپمنٹ ونگ کے ڈائریکٹر احمد اسلام سیان اور فاسٹ-نیوکس کے ریکٹر ڈاکٹر آفتاب معروف کے درمیان طے پایا، اس پروگرام کے تحت شرکاء کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
گوگل نے مصنوعی ذہانت کے منصوبوں پر کام کرنے والے 200 کنٹریکٹ ملازمین کو برطرف کردیا
پی آئی ٹی بی اپنے آن لائن پورٹل کے ذریعے سرٹیفکیشن فیس کا 100 فیصد خرچ واپس کرے گا، حکام کے مطابق یہ اقدام تعلیمی اور مالی دونوں رکاوٹیں ختم کرے گا اور نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت حاصل کرنے کا یکساں موقع فراہم کرے گا۔
پی آئی ٹی بی کے چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف پنجاب کے ٹیلنٹ پول کو مضبوط کرے گا بلکہ گریجویٹس کو عالمی سطح پر تیزی سے ترقی کرتی ٹیکنالوجی انڈسٹری میں مقابلے کے قابل بنائے گا، حکومت کا وژن صوبے کے نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے لیس کرنا ہے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام بنا سکیں۔