انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو تجویز دی ہے کہ آئندہ عالمی مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز شیڈول نہ کیے جائیں۔
مائیکل ایتھرٹن کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ ضروری ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مقابلے عالمی ایونٹس سے الگ رکھے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ آئی سی سی ایونٹس میں پاک بھارت میچز معاشی اور سفارتی لحاظ سے اہم سمجھے جاتے ہیں۔
مگر موجودہ حالات میں یہ تاثر ختم ہونا چاہیے کہ صرف مالی مفادات کے لیے ایسے مقابلے کرائے جا رہے ہیں۔
سابق کپتان نے تسلیم کیا کہ ان میچز کا مالی پہلو بہت بڑا ہے اور انہی مقابلوں کی وجہ سے موجودہ براڈکاسٹ رائٹس تقریباً 3 ارب ڈالر تک پہنچے، لیکن اب یہ کھیل نہیں بلکہ کشیدگی کی علامت بنتے جا رہے ہیں۔
مائیکل ایتھرٹن کے مطابق، “ماضی میں کرکٹ کو سفارتکاری کا ذریعہ سمجھا جاتا تھا، لیکن اب یہ کھیل سرحدی تناؤ اور پروپیگنڈا کی پراکسی بن چکا ہے۔”
مائیکل ایتھرٹن نے مزیدکہا کہ دونوں ٹیموں کے میچز کا ایونٹس میں انتظام کرنے کا بہت چھوٹا جواز ہے اور یہ جواز ہمیشہ مالی طور پر بیان کیا گیا، آئندہ سرکل میں ڈراز شفاف ہونے چاہئیں۔