سندھ ہائی کورٹ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم میں سلیکٹ نہ کیے جانے سے متعلق ڈیرہ مراد جمالی کے رہائشی کرکٹر تیمور علی کی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل سے کرکٹر سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات کی نقول طلب کر لیں۔
ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران وکیل اسد اللہ بلو نے کہا کہ تیمور علی پاکستان کے بہترین فرسٹ کلاس کرکٹرز میں سے ہیں اور ان کی کارکردگی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کے مقابلے میں بہتر رہی ہے۔
وکیل نے مزید کہا کہ تیمور علی نے اپنے ساتھ امتیازی سلوک کے خلاف پی سی بی میں سیکشن 37 کے تحت اپیل دائر کی تھی، لیکن پی سی بی نے اب تک اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
جسٹس عدنان اقبال چوہدری نے استفسار کیا کہ کیا سندھ ہائی کورٹ پی سی بی کے خلاف کرکٹر کی درخواست سننے کی مجاز ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے جواب میں کہا کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر دانش کنیریا کی درخواست پر اعلیٰ عدالتوں نے پہلے ہی فیصلے جاری کیے ہیں۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے کرکٹر سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات کی نقول طلب کرتے ہوئے سماعت 2 روز کے لیے ملتوی کردی۔