سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ بھارت کے خلاف میچ کے دوران ہاتھ سے طیارے گرنے کا اشارہ کرنے پر 30 فیصد میچ فیس کا جرمانہ بھگتنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی حمایت میں سامنے آگئے، ناصر حسین شاہ نے حارث رؤف کا جرمانہ ادا کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان بہادر انسان ہیں۔
حارث پر جرمانہ اگر 300 فیصد بھی ہو تو ہم اور پوری قوم اُس کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔
ناصر حسین شاہ نے اعلان کیا کہ حارث روف کے جرمانے کی رقم میں اپنی جیب سے حارث کو دوں گا، جیو پاکستانیوں جیتو پاکستانیوں۔
یاد رہے کہ 21 ستمبر کو دبئی میں کھیلے گئے پاک-بھارت میچ کے دوران تماشائیوں کی ہوٹنگ کے جواب میں پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے ہاتھوں سے طیارے گرنے اور 1-6 کا اشارہ کیا تھا۔
جس پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو شکایت درج کرائی تھی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان پر 30 فیصد میچ کا جرمانہ عائد کیا تھا۔