شکاگو میراتھون 2025: پاکستانی رنرز کی دوبارہ شاندار کارکردگی

شکاگو میراتھون 2025: پاکستانی رنرز کی دوبارہ شاندار کارکردگی


دنیا کی معروف میراتھون دوڑوں میں سے ایک، شکاگو میراتھون 2025 میں پاکستانی رنرز نے ایک بار پھر متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس عالمی مقابلے میں 53 ہزار سے زائد رنرز شریک ہوئے، جن میں پاکستان سمیت امریکا، برطانیہ، ناروے، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی اور پاکستانی نژاد رنرز بھی شامل تھے۔

انہوں نے شاندار کارکردگی کے ذریعے نہ صرف پاکستانی رننگ کمیونٹی بلکہ ملک اور قوم کا نام روشن کیا۔

پاکستانی نژاد امریکی رنر سید علی حمزہ نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ‘سب تھری’ فنش کیا، انہوں نے دو گھنٹے 55 منٹ 14 سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے ایونٹ میں شریک تمام پاکستانی رنرز میں سب سے تیز ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

پاکستانی امریکی سلمان الیاس نے دو گھنٹے 56 منٹ 49 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کی، جبکہ نزار نایانی نے دو گھنٹے 57 منٹ 43 سیکنڈ میں اپنی دوڑ ختم کی۔

پاکستان میں مقیم رنرز میں سب سے نمایاں کارکردگی کراچی کے معروف رنر فیصل شفیع نے دکھائی، جنہوں نے تین گھنٹے 18 منٹ 52 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کی۔

فیصل شفیع نے اس کارکردگی کو اپنے کیریئر کی یادگار ترین دوڑ قرار دیا۔

جیو سے گفتگو میں فیصل شفیع نے کہا کہ انہوں نے دوڑ کے ابتدائی لمحات میں اپنی پیس کو قابو میں رکھا اور آخری لمحات میں رفتار بڑھائی۔

انہوں نے کہا، “میں نے اس بار حکمتِ عملی بدل کر ابتدائی حصے میں رفتار قابو میں رکھی اور دوسرے حصے میں تیز رفتاری اختیار کی، جو میرے لیے فخر کا لمحہ ہے۔”

کراچی سے تعلق رکھنے والی دانیا علی نے بھی شکاگو کی سڑکوں پر تاریخ رقم کی۔ انہوں نے ورلڈ میراتھون میجرز میں اپنا ڈیبیو کرتے ہوئے چار گھنٹے 45 منٹ 7 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کی، جو ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔

ایونٹ میں شریک پاکستانی خواتین رنرز میں عائشہ قمر نے تین گھنٹے 1 منٹ میں فاصلہ طے کیا، لندن کی ماہین سلیمان شیخ نے تین گھنٹے 55 منٹ 29 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کی، جبکہ کراچی کی ثناء ملک نے چار گھنٹے 26 منٹ 27 سیکنڈ میں ایونٹ ختم کیا۔

ثنا ملک کا کہنا ہے کہ ان کیلئے یہ کافی یادگار دوڑ رہی کیوں کہ انہوں نے اس سے پہلے ایسا مجمع نہیں دیکھا، ان کی کوشش ہوگی کہ مستقبل میں اور زیادہ محنت کریں اور اس سے بھی بہتر نتائج دیں۔

ایونٹ میں پاکستان کے دیگر نمایاں رنرز میں کراچی کے بلال عمر نے فاصلہ تین گھنٹے انتالیس منٹ، اسلام آباد کے یاور صدیقی نے تین گھنٹے پینتالیس منٹ، کراچی کے شاہ فیصل خان نے تین گھنٹے ستاون منٹ، ڈاکٹر صفدر علی نے چار گھنٹے چھ منٹ، عباس نقی نے چار گھنٹے بارہ منٹ، یاسر سلیمان میمن نے چار گھنٹے اٹھارہ منٹ اور تاجدار اقبال نے چار گھنٹے اکیس منٹ میں فاصلہ طے کیا۔

اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس رحیم آغا خان نے اپنی سالگرہ کے روز شکاگو میراتھون میں چار گھنٹے انسٹھ منٹ پچیس سیکنڈ میں فاصلہ مکمل کیا۔

راستے میں موجود ان کے چاہنے والوں نے “ہیپی برتھ ڈے” کے نعروں سے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ایلیٹ کیٹیگری میں یوگنڈا کے جیکب کپلِمو نے دو گھنٹے دو منٹ تئیس سیکنڈ میں فاصلہ مکمل کر کے مردوں کا اعزاز حاصل کیا۔

جبکہ خواتین میں ایتھوپیا کی ہاوی فیسا گجیجا نے دو گھنٹے چودہ منٹ چھپن سیکنڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top