شاہین آفریدی نے بیٹے کے ہمراہ پہلی تصویر شیئر کردی، نام بھی بتادیا

شاہین آفریدی نے بیٹے کے ہمراہ پہلی تصویر شیئر کردی، نام بھی بتادیا


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے داماد اور قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے بیٹے کے ہمراہ پہلی تصویر شیئر کردی اور اپنی پوسٹ میں خوبصورت پیغام کے ساتھ صاحبزادے کا نام بھی بتادیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی اور انشا آفریدی کے ہاں دو روز قبل بیٹے کی ولادت ہوئی تھی، اس وقت شاہین بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے میں مصروف تھے تاہم میچ ختم ہوتے ہی وہ اپنی اہلیہ اور بچے کے پاس کراچی پہنچ گئے۔

شاہین شاہ آفریدی نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے نومولود کا ہاتھ تھام رکھا ہے جب کہ بچے نے اپنی ماں کی انگلی پکڑ رکھی ہے اور شاہین نے اہلیہ اور بچے کا ہاتھ تھاما ہوا ہے۔

شاہین آفریدی نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اپنے بیٹے کی آمد کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے ایک خوبصورت پیغام کے ساتھ بیٹے کا نام بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔

انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا ’دنیا میں خوش آمدید، میرے بیٹے، علی یار آفریدی، یہ لمحہ سب کچھ بدل دیتا ہے، میرا دل بھر گیا ہے اور میری زندگی بہت بہتر ہوگئی ہے، 24 اگست 2024 ہمیشہ ہمارے لیے خاص رہے گا‘۔

انہوں نے اپنی اہلیہ انشا آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اپنے چھوٹے خاندان کا ’سپورٹ سسٹم‘ قرار دیا۔

شاہین آفریدی نے مداحوں کی طرف سے محبت اور دعاؤں کے اظہار کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے چھوٹے سے خاندان کو اپنی دعاؤں میں ہمیشہ یاد رکھیں۔

واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کے بیٹے کی پیدائش کی خبر ابتدائی طور پر ہفتے کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آفیشل واٹس ایپ گروپ کے ذریعے شیئر کی گئی۔

بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں پہلی وکٹ حاصل کرنے پر شاہین آفریدی نے اپنے روایتی انداز میں جشن بنانے کے بجائے یہ وکٹ اپنے بیٹے کے نام کرتے ہوئے جھولا جھولانے کا انداز اپناتے ہوئے جشن منایا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے مائیکربلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ’ دنیاِ کرکٹ کے کم عمر ترین نانا بننے پر آپ تمام احباب کے محبتوں بھرے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا ’ہماری خوشیوں میں شامل ہونے پر میں اور میری فیملی آپ سب لوگوں کا دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں‘۔

واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی اور انشا آفریدی نے ستمبر 2023 میں شادی کی تھی۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top