ایشیا کپ کی ٹرافی کی رونمائی کے دوران بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ہاتھ ملایا، جس کے بعد بھارتی کپتان سخت تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے اس واقعے کو شہ سرخیوں میں نمایاں کیا، جبکہ سوشل میڈیا صارفین بھی سوریا کمار یادیو پر تنقید کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف نے کہا کہ بھارتی کپتان کا پاکستان کے وزیر داخلہ سے ہاتھ ملانا “بے شرمی کی انتہا” ہے۔
جبکہ ایک اور صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ بھارتی کپتان محسن نقوی سے ہاتھ ملائے، جنہوں نے آپریشن سندور کے بعد بھارت کو دھمکی دی تھی۔
اس کے ساتھ ہی صارف نے مزید لکھا کہ پتا نہیں یہ لوگ شیشے میں اپنے چہرے کیسے دیکھتے ہیں۔
اس کے علاوہ دیگر بھارتی صارفین کی جانب سے بھی سوریا کمار یادیو کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔