انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سنجوگ گپتا کو اپنا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کر دیا ہے۔ وہ 7 جولائی 2025 کو عہدہ سنبھالیں گے اور یہ منصب سنبھالنے والے ساتویں شخص ہوں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنجوگ گپتا اس سے قبل ڈزنی اسٹار میں ہیڈ آف اسپورٹس کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
وہ جیف ایلارڈائس (Geoff Allardice) کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے، جنہوں نے رواں برس جنوری میں اپنے استعفے کا اعلان کیا تھا۔
جیف ایلارڈائس 2012 میں آئی سی سی سے بطور جنرل مینیجر کرکٹ وابستہ ہوئے تھے۔
اس سے پہلے وہ کرکٹ آسٹریلیا میں کرکٹ آپریشنز مینیجر کے طور پر بھی کام کر رہے تھے۔
مارچ 2021 میں انہیں عبوری چیف ایگزیکٹو مقرر کیا گیا تھا اور گزشتہ سال انہیں مستقل طور پر اس عہدے پر تعینات کیا گیا۔
رپورٹ ک مطابق نئے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے اپنی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اعزاز کی بات ہے کہ مجھے یہ موقع ملا، خاص طور پر ایسے وقت میں جب کرکٹ بے مثال ترقی کے دہانے پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کھیل کے لیے ایک نہایت دلچسپ دور ہے کیونکہ بڑے ایونٹس کی اہمیت بڑھ رہی ہے،تجارتی مواقع وسیع ہو رہے ہیں اور ویمن کرکٹ جیسی جہتوں کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے گپتا کی تقرری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سنجوگ اسپورٹس اسٹریٹجی اور کمرشلائزیشن کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، جو آئی سی سی کے لیے نہایت قیمتی ثابت ہوگا۔
کھیلوں اور میڈیا و انٹرٹینمنٹ کے عالمی منظرنامے کی ان کی گہری سمجھ ہمارے کھیل کو فروغ دینے کی خواہش میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
آئی سی سی کے مطابق 25 ممالک کے 2500 امیدواروں نے سی ای او کے عہدے لیے اپلائی کیا تھا۔
جے شاہ کے بعد سنجوگ گپتا دوسرے بھارتی ہیں جو اہم عہدہ پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔