40 سال بعد پاکستان کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جتوانے والے ارشد ندیم کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال

40 سال بعد پاکستان کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جتوانے والے ارشد ندیم کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال


پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے۔ قومی ہیرو ارشد ندیم پیرس سے ترکیے کے راستے لاہور پہنچيں ہیں۔ان کی پرواز ٹی کے 714 رات ایک بجکر 25 منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ پر لینڈ کی۔اس موقع پر طیارے کو واٹرکینن سلیوٹ پیش کیا گیا۔

ائیرپورٹ پر قومی ہیرو ارشد ندیم کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال ہوا، ہزاروں فینز اپنے ہیروکی ایک جھلک دیکھنے ائیر پورٹ پہنچے ، بینڈ نے دھنیں بکھیر کر ماحول میں اور جوش پیدا کر دیا۔

عوام نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔

وفاقی وزیراحسن اقبال،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور شزا فاطمہ نے حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔

ائیرپورٹ اسٹیٹ لاؤنج میں ارشدندیم کے والد بھی موجود تھے، انہوں نے بیٹے کو گلے لگایا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔

اس کے علاوہ لاؤنج میں سعدرفیق، عظمیٰ بخاری اور دیگر نے بھی ارشد ندیم کو ہار پہنائے۔

ارشد ندیم کے اہل خانہ اور عزیزو اقارب کے علاوہ آبائی شہر میاں چنوں سے مداحوں کا قافلہ لاہور استقبال کے لیے آیا۔

لاہور ائیرپورٹ پر مداحو ں کی بڑی تعداد کے پیش نظر ارشد ندیم کو ڈبل ڈیکر بس پر سوار کیا گیا، قومی ہیرو نے بس پر سوار ہو کر مداحوں کا شکریہ ادا کیا او رہاتھ اُٹھا کر عوام کے نعروں اور محبتوں کا جواب دیا۔

بعد ازاں ارشد ندیم کا قافلہ ڈبل ڈیکر بس پر سوار ہو کر ائیرپورٹ سے براستہ موٹر وے میاں چنوں کی طرف روانہ ہوا۔

قومی ہیرو ارشد ندیم کی ائیرپورٹ پر گفتگو

ارشد ندیم نے لاہور ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کا شکریہ، مجھے عزت دی، اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں، پیرس اولمپکس میں گولڈل جیتا۔

ارشد ندیم نے کہا کہ قوم اور والدین کی دعاؤں سے اللہ تعالیٰ نے عزت دی، اس کامیابی کے پیچھے بہت لمبا سفر ہے، میڈل حاصل کرنے کے لیے دن رات محنت کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا شکرگزارہوں مجھے سہولیات دیں، پنجاب اسپورٹس بورڈ اور تمام کا شکرگزار ہوں، ڈائمنڈ لیگ میں بہت اچھا پرفارم کیا۔

قومی ہیرو کا کہنا تھا کہ والدین، قوم اور میڈیا نے عزت دی، شکریہ ادا کرتاہوں، وزیراعظم کا بھی شکریہ، ان کا لگایا گیا پودا ہوں۔

ارشد ندیم نے کہا کہ یوتھ فیسٹیول میں بھرپور شرکت کی تھی، پنجاب اسپورٹس بورڈ، فیڈریشن اور دیگر سب کا شکرگزار ہوں، اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر بہت خوشی ہے، آنےوالے ایونٹس کی بھرپور تیاری کروں گا۔

واضح رہے کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔

مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا۔

ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top