سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان جو اکثر پاکستانی کرکٹرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، اب بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں کم ٹوٹل کا دفاع کرنے پر انہوں نے پاکستان ٹیم کی تعریف کی ہے جس پر شائقین حیران ہیں۔
جمعرات کو ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کے سپر 4 مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو دلچسپ مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔
پاکستان کے 136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 124 رنز بناسکی۔
میچ کے بعد سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے عرفان پٹھان نے بنگلہ دیشی بیٹرز کو تنقید کا نشانہ بنایا تو وہیں پاکستان کی بولنگ لائن کی تعریف کی۔
عرفان نے بنگلادیش کے خلاف میچ میں پاکستان کی فیلڈنگ کو بھی سراہا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ میں شاندار کم بیک کیا ہے۔
بھارت سے شکست کے بعد گرین شرٹس نے سپر ف4 مرحلے میں سری لنکا اور پھر بنگلہ دیش کو ہرایا اور فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔
اتوار کو ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔