آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے نے چیمپئنز ٹرافی کے آن لائن ٹکٹس خریدنے والوں کے لیے ہدایات جاری کردی گئیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بتایا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آن لائن ٹکٹ نجی کوریئر کمپنی سے جمعہ 7 فروری شام 4 بجے سے دستیاب ہوں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ آن لائن بک کیے گئے ٹکٹس 7 فروری سے نجی کوریئر کمپنی کے مقرر کردہ مراکز سے دستیاب ہوں گے، ملک کے 13 شہروں میں نجی کوریئر کمپنی کے 37 مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں ٹکٹس دستیاب ہیں۔
پی سی بی کے مطابق جن لوگوں نے آن لائن ٹکٹس بُک کرائے ہیں، انہیں ہارڈ کاپی حاصل کرنا لازم ہے، فزیکل ٹکٹس حاصل کرنے کے لیے ٹکٹ خریدنے والے کا اصل شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہوگا۔
واضح رہے کہ 24 دسمبر 2024 کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی میزبانی میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا تھا۔
چمپئینز ٹرافی 2025 کے میچز کا انعقاد پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہوگا، ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے کراچی میں ہوگا جبکہ اختتام 9 مارچ کو ہوگا۔
افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔