انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں یہ میچ میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔
نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور حارث رؤف کو فہیم اشرف کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ شام کو اوس پڑنے کا امکان ہے اس لیے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، دفاعی چیمپئن ہیں، بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے، ٹرائی سیریز میں اچھی تیاری کی، غلطیاں نہیں دہرائیں گے، نیوزی لینڈ کو کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
کیوی کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ ٹیم کے کمبی نیشن سے مکمل مطمئن ہوں،بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔