ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف 21 ستمبر کو ہونے والے اہم مقابلے سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اسپورٹس سائیکولوجسٹ کی خدمات حاصل کر لی گئیں۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق معروف اسپورٹس سائیکولوجسٹ ڈاکٹر راحیل نے قومی ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر راحیل کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی اور دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت پر کام کریں گے تاکہ ٹیم میدان میں بہترین پرفارمنس دے سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا دوسرا بڑا میچ کل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف میچ سے قبل دبئی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی اہم بیٹھک بھی ہوئی جس میں قومی کھلاڑیوں نے مینجمنٹ کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بہترین کارکردگی کا یقین دلایا جبکہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔