آئندہ سال بھارت اور سری لنکا میں کھیلے جانے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے تمام 20 ٹیموں کی فہرست مکمل ہو گئی ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق جمعرات کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ایشیا/ایسٹ ایشیا پیسیفک کوالیفائر کے فائنل میں جاپان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں اپنی جگہ یقینی بنائی۔
میچ میں یو اے ای کے بولر حیدر علی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 20 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اوپنرز الیشان شرفو اور محمد وسیم کی 70 رنز کی شراکت داری نے ٹیم کو ہدف حاصل کرنے میں مدد دی۔
یو اے ای نے 117 رنز کا ہدف 13ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر مکمل کرلیا۔
اس کامیابی کے ساتھ یو اے ای، نیپال اور عمان کے ساتھ شامل ہو کر ورلڈ کپ کی آخری تین ٹیموں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا۔
ورلڈ کپ میں میزبان بھارت اور سری لنکا کے علاوہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی ٹاپ 7 ٹیمیں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقا، امریکا اور ویسٹ انڈیز — براہِ راست کوالیفائی کر چکی ہیں۔
ٹی 20 انٹرنیشنل رینکنگ کی بنیاد پر نیوزی لینڈ، پاکستان اور آئرلینڈ نے بھی براہِ راست ایونٹ میں جگہ بنائی۔
امریکا ریجن سے کینیڈا نے واحد کوالیفائر پوزیشن حاصل کی، جب کہ یورپ سے اٹلی پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا۔
نیدرلینڈز نے یورپی ٹورنامنٹ سے، اور نمیبیا و زمبابوے نے افریقی کوالیفائر سے ایونٹ میں رسائی حاصل کی۔
اس طرح ورلڈ کپ کی تمام 20 ٹیموں کی فہرست مکمل ہو گئی ہے۔
ایونٹ کا فارمیٹ گزشتہ ورلڈ کپ جیسا ہوگا، جس میں چار گروپس ہوں گے، ہر گروپ میں پانچ ٹیمیں شامل ہوں گی، اور ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر ٹیموں سے ایک ایک میچ کھیلے گی۔
جس کے بعد ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں اگلے مرحلے “سپر 8” مرحلے میں پہنچیں گی، جہاں انہیں پہلے سے طے شدہ درجہ بندی کے مطابق 2 گروپس (4،4 ٹیموں پر مشتمل) میں تقسیم کیا جائے گا۔
اس مرحلے میں بھی راؤنڈ رابن سسٹم اپنایا جائے گا، سپر 8 کی ہر گروپ کی 2 بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی اور سیمی فائنل کی فاتح ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔