آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025–27 کے چوتھے سائیکل میں پاکستان ٹیم، کپتان شان مسعود کی قیادت میں دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔
پہلا ٹیسٹ اتوار سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا، جہاں قومی ٹیم سات بلے بازوں، دو فاسٹ باؤلرز اور دو اسپنرز کے امتزاج کے ساتھ میدان میں اترنے کی حکمت عملی بنا چکی ہے۔
وائرل بخار کے باعث دائیں ہاتھ کے اسپنر ساجد خان دستیاب نہیں ہوں گے، ان کی جگہ بائیں ہاتھ کے اسپنر آصف آفریدی کو 11 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
38 سالہ آصف آفریدی نے 57 فرسٹ کلاس میچز میں 25.49 کی اوسط سے 198 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
ان کے ہمراہ تجربہ کار اسپنر نعمان علی بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے، جنہوں نے 19 ٹیسٹ میچز میں 24.75 کی اوسط سے 83 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
فاسٹ بولنگ شعبے میں شاہین شاہ آفریدی ایک سال کے وقفے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کر رہے ہیں۔
31 ٹیسٹ میچز میں 116 وکٹیں لینے والے یہ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نئی گیند کا آغاز حسن علی کے ساتھ کریں گے۔
دائیں ہاتھ کے تیز باؤلر حسن علی، جنہوں نے 24 ٹیسٹ میں 80 وکٹیں حاصل کیں، اپنا آخری ٹیسٹ جنوری 2024 میں آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیل چکے ہیں۔
پاکستان ٹیم کی اننگز کا آغاز امام الحق اور عبداللّٰہ شفیق کریں گے۔
جنوبی افریقیہ کے خلاف لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے 11 کھلاڑی یہ ہوں گے! امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، شان مسعود ( کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نعمان علی اور آصف آفریدی۔