پاکستانی بیٹسمین محمد حارث نے مسلسل ناکامیوں کے بعد غصے میں آکر اپنا بیٹ توڑ ڈالا۔ شارجہ میں پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان جاری سہ فریقی سیریز کے دوسرے ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔
میچ میں قومی ٹیم نے یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دی، تاہم وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف ایک رن بنا کر دوسری گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پویلین واپسی پر محمد حارث نے شدید مایوسی اور غصے میں بیٹ زمین پر دے مارا، جس کے باعث بیٹ ٹوٹ گیا، اور یہ منظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔
نوجوان بیٹر کی یہ جھنجلاہٹ ان کی مسلسل 8 میچز میں ناکامی کے باعث سامنے آئی ہے۔
خیال رہے کہ یکم جون 2025 کو لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 میچ میں محمد حارث نے 46 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سب کو متاثر کیا تھا، مگر اس کے بعد سے وہ فارم میں واپسی کرنے میں ناکام ہیں۔
تاہم، اس میچ کے بعد ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے محمد حارث کی پوزیشن مسلسل تبدیل کی گئی اور انہیں کسی ایک نمبر پر بیٹنگ کا موقع نہیں دیا گیا جس سے وہ گزشتہ 8 اننگز میں نمایاں کارکردگی نہ دکھاسکے۔
گزشتہ 8 اننگز میں ان کا سب سے بڑا اسکور 15 رنز رہا جب کہ ایک اننگز میں وہ ناٹ آؤٹ رہے۔
محمد حارث نے دورہ بنگلہ دیش میں 4، 0، 5 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ دورہ ویسٹ انڈیز میں 6 ناٹ آؤٹ، 4 اور 2 رنز بنائے۔
سہ فریقی سیریز میں افغانستان کے خلاف 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور گزشتہ روز ایک رن پر پویلین واپس لوٹے۔